سائیکوتھراپی

پوسٹ گریجویٹ سرٹیفیکیٹ کورس برائے سائیکوتھراپی کاگنیٹو بیہورئیل تھراپی کا آغاز

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہء سائیکاٹری نے دوسرے بیچ برائے پوسٹ گریجویٹ سرٹیفیکیٹ کورس برائے سائیکو تھراپی کاگنیٹیو بیہورئیل تھراپی کا آغاز کر دیا۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور خیبر میڈیکل کالج کے شعبہ ء امراض کے انچار ج پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد اس کورس کے ڈائریکٹر ہیں۔ یہ چھ مہینے کا کورس خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ ہے۔اس کورس کا باقاعدہ افتتاح ڈین خیبر میڈیکل کالج اور چیف ایکزیگیٹو کے ایم سی /کے ٹی ایچ/ کے سی ڈی پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے کیا۔ کاگنیٹیو بیہورئیل تھراپی ایک کم میعاد،با مقصد سائیکو تھراپی کا علاج ہے۔

جو مریض کو موقع پر مسائل حل کرنے کی تربیت دیتا ہے۔ اور مستقبل میں آنے والے پریشانیوں سے بخوبی نمٹنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے تاکہ بار بار ماہر نفسیات کی ضرورت نہ پڑے۔ اس علاج کا مقصد لوگوں کے روزمرہ مسائل حل کرنے کے لئے سوچ کو بدلنا ہے۔اس موقع پر شعبہ نفسیات خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس چھ مہینے کورس کو ایک سالہ ڈپلومہ کورس میں تبدیل کرنے کا تمام کام مکمل ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں کوالیفائیڈ سائیکاٹریسٹ کی شدید کمی ہے۔

اور تقریباً 220 ملین آبادی کے لئے صرف 500 کوالیفائیڈ سائیکاٹریسٹ موجود ہیں۔اور ساتھ ہی یہ تجویز دی کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور نفسیاتی بیماریوں کی شرع میں دن بددن اضافے کو مدِنظر رکھتے ہوئے دو سالہ ڈپلومہ کورس شعبہء نفسیات میں متعارف کیا جائے۔ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے پروفیسر ڈاکٹر بشیراحمد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران خان کی کاوشوں کی تعریف کی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قسم کے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔

اس کورس میں ملک کے مختلف شہروں سے 20شرکاء نے شرکت کی جس میں کوئٹہ، راولپنڈی، بٹخیلہ، لور دیر اور ایبٹ آباد سے ایک ایک، مردان سے دو اور پشاور سے 12شامل تھے۔خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ نفسیات کو ملک کا پہلاکورس کرانے کا اعزاز حاصل ہے جو کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ ہے۔اس کورس کے فیسلیٹیٹر ز میں پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد، پروفیسر موّاددحسین رانا، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران خان اور کلینکل سائیکالوجسٹ روبینہ سرور ہیں۔

مہمان خصوصی ریٹائیرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے اس بات پر زور دیا کہ جنرل پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کو دو سالہ ڈپلومہ کورس کروا کے اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔شعبہ دماغی امراض کے پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب اور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کے تعاون اور شرکت کرنیپر شکریہ ادا کیا۔