رانا سکندر حیات 12

پنجاب میں 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر،5برسوں میں 50 فیصد سکولوں میں لانے کا ہدف ہے ‘ وزیر تعلیم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے میں سکول میل پروگرام کے تحت اب تک 90 ہزار بچے سکولوں میں داخل ہوئے ہیں اور مزید بچوں کو بھی دوبارہ تعلیم کی طرف راغب کیا جا رہا ہے، میرے اندازے کے مطابق پنجاب میں اب بھی 60 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے تاہم حکومت ان بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور آئندہ 5 برسوں میں ان بچوں میں سے کم از کم 50 فیصد کو سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایک انٹر ویو میںرانا سکندر حیات نے بتایا کہ جب انہوں نے وزارت تعلیم کا منصب سنبھالا تو پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت 22 لاکھ بچے زیر تعلیم تھے جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 40 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ 20 ہزار روپے تنخواہ لینے والے بعض اساتذہ کے نتائج ایک لاکھ روپے تنخواہ لینے والے اساتذہ سے بھی بہتر ہیں جس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب اس بات پر غور کر رہی ہے کہ فی طالب علم 1200 روپے حاصل کرنے والے اساتذہ کا معاوضہ بڑھا کر 2000 یا 2500 روپے فی طالب علم کیا جائے تاکہ ان کی ماہانہ آمدن 40 ہزار روپے سے زائد ہو سکے۔

پیف کے تحت اساتذہ کو تنخواہیں آئندہ بینکوں کے ذریعے ادا کی جائیں گی۔ اگر 20 ہزار روپے تنخواہ لینے والا استاد بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے تو وہ ستارہ امتیاز کا مستحق ہے۔ایک سوال کے جواب میں رانا سکندر حیات نے بتایا کہ لاہور میں 750 ایسی اکیڈمیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن کی عمارتوں کی حالت تسلی بخش نہیں تھی جنہیں نوٹسز جاری کیے گئے ہیں تاہم ابھی تک کسی اکیڈمی کو بند نہیں کیا گیا،پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز پر پابندی نہیں لگائی گئی اور جو نئے گھر باقاعدہ منظور شدہ نقشوں کے مطابق تعمیر کیے گئے ہیں ان کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی نہیں تاہم جن اداروں کے پاس یہ سرٹیفکیٹ موجود نہیں وہ اسے حاصل کریں اور آن لائن درخواست دے کر محکمہ تعلیم کو جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تقریباً 3 لاکھ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں سے 80 فیصد اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں جبکہ 20 فیصد اساتذہ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں