اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 23مارچ کو قوم اپنی افواج کو تاریخی محبت اور خلوص پیش کرے گی،افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پاکستان کی عظیم افواج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہیں،میں نے کبھی آصف علی زرداری کو مسٹر 10پرسنٹ نہیں کہا،مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ اپنے لیے خود بڑا مسئلہ پیدا کررہے ہیں، ریاست اور اداروں کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی اورن لیگ والوں کی جانب سے مکھی کی طرح باہر نکال دیا، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والی اپوزیشن اپنے مفاد کےلئے یکجا ہو رہی ہے، اپوزیشن خود اپنی سیاسی موت مرنے جا رہی ہے،بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں،اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیر کو (آج) وزارت داخلہ کی دعوت پر سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف وزارت داخلہ تشریف لائیں گے، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کےلئے بہت خوش آئند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، ہم ان تمام سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 23مارچ کو قوم اپنی افواج کو تاریخی محبت اور خلوص پیش کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والی اپوزیشن اپنے مفاد کےلئے یکجا ہو رہی ہے، اپوزیشن خود اپنی سیاسی موت مرنے جا رہی ہے، میں نے بلاول بھٹو کو سلیکٹو اور آصف علی زرداری کو مسٹر 10پرسنٹ نہیں کہا، پہلے یہ استعفٰی دے رہے تھے لیکن اب لانگ مارچ کر رہے ہیں، مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ اپنے لیے خود بڑا مسئلہ پیدا کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان میں منی لانڈرنگ کرنے والے اکٹھے ہو گئے ہیں،منی لانڈرنگ کرنے والے ایف اے ٹی ایف کے اصل مجرم ہیں، یہ لوگ آنا چاہیں تو آجائیں ہمیں ان سے کوئی خوف نہیں ہے، یہ عدم اعتماد میں لانا چاہتے ہیں تو لائیں،پہلے میں نے کہا تھا کہ تاریخ بدلو لیکن اب کہتا ہوں کہ اب آﺅ،یہ لوگ کہتے تھے کہ ہمیں گھر بھیج دیں گے، یہ منہ اور مسور کی دال۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کو باہر نکال دیں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی اورن لیگ والوں کی جانب سے مکھی کی طرح باہر نکال دیاگیا ہے،کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، میرے خیال میں مجھے ابھی مذاکرات پر بات نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جا سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست اور اداروں کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہیے، بھارتی میڈیا وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر چیخ رہا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیتا،دہشتگردی کے خلاف پاک افواج اورقوم نے جنگ میں لازوال قربانیاں دیں ہیں، سیکیورٹی فورسز نے 72گھنٹوں میں 20دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔