محسن نقوی 14

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، محسن نقوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے جبکہ سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیاروں کو تباہ کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں، جبکہ شہداء اور غازیوں نے اپنی قربانیوں سے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبہ دفاع اور حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔ یومِ فضائیہ ہمارے غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے اور قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں