اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی صورت حال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی اور دراندازی کی کوششیں بلا تعطل جاری رہیں، مارچ میں پاکستان کے جنگ بندی کے اقدام کے باوجود افغانستان سے حملے جاری رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال سرحد پار فائرنگ اور دہشت گرد کارروائیوں میں 52شہری شہید اور 84زخمی ہوئے، افغانستان کی جانب سے شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے دراندازی کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں، دہشت گردی کی اصل وجوہات کو نظر انداز کرنا غیر متوازن موقف کی عکاسی ہے۔انہوںنے کہاکہ عالمی برادری علاقائی صورت حال اور پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔









