پیٹ ہیگستھ 15

ٹرمپ انتظامیہ نے جنگ کیلئے کانگریس سے مزید 87 ارب ڈالر مانگ لئے

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) ایران کے ساتھ جاری فوجی کشیدگی کے باعث امریکی دفاعی اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے آئندہ مرحلے کی کارروائیوں اور دفاعی ضروریات کیلئے کانگریس سے تقریباً 87 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز کی درخواست کر دی ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سینیٹ کی فنڈز مختص کرنے والی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری فوجی آپریشنز پر اب تک 37.5 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، ان کے بقول اس رقم میں 30 ستمبر تک متوقع اخراجات بھی شامل ہیں۔

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں دفاعی بجٹ میں کمی نہیں بلکہ امریکی فوج کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے.انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطلوبہ فنڈنگ فراہم نہ کی گئی تو امریکا کو سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیرِ دفاع نے خفیہ سکیورٹی بریفنگ کے بعد سینیٹ کی بجٹ کمیٹی کے سامنے اضافی فنڈز کی باضابطہ درخواست پیش کی جس میں پینٹاگون کی مالی ضروریات اور عالمی سطح پر درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل بجٹ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی سینیٹ کی فنڈز مختص کر نے والی کمیٹی میں پیشی کے دوران مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ایران اور فلسطین میں ہمارے بچوں پر بمباری بند کرو، یہ غیر قانونی ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ جنگ ایرانی عوام کے خلاف ہے، تمہارے ہاتھ 17 امریکیوں کے خون سے رنگے ہیں۔سابق ​​فوجی جنگ کو فوراً ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔احتجاج کے باعث کئی بار کارروائی روکنا پڑ ی ، مظاہرین نہ رکے تو کمیٹی چیئر کو مظاہرین کو نکالنے کیلئے پولیس بلانا پڑ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں