کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سینیٹر شیریں رحمان نے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔
شیری رحمان نے پولنگ کا آغاز نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے انتخابی عملے کی تاخیر کے باعث ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بیشتر پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے، جو انتخابی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصاً ایل اے-28،ایل اے 31, ایل اے-25 اور ایل اے-34 کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے، ایل اے 31 میں پولنگ اسٹیشن شرک کمال باندی پر خواتین کے پولنگ سٹیشن پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات ہے جبکہ اس پولنگ سٹیشن کو پہلے ہی احساس قرار دیا گیا تھا۔
شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر جے حلقے (ایل اے-31) کی رنگلہ سے کٹکئیر جانے والی سڑک بند ہونے پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنگلہ سے کٹکئیر جانے والی سڑک گزشتہ رات سے بند ہے، جس کے باعث ووٹرز کو لے جانے والی 50 سے زائد گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں، سڑک بند ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں ووٹرز اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
سینیٹر شیریں رحمان نے کہا کہ پولنگ میں تاخیر اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے متعدد تحریری شکایات الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں، متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں الیکشن کمیشن فوری تحقیقات کرے اور پولنگ کے عمل کو بلا تاخیر یقینی بنائے، ہر ووٹر کو بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیرجانبدار انتخابات جمہوریت کی بنیادی ضرورت ہیں۔









