مراد علی شاہ 35

وزیراعلیٰ سندھ کی تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ اور دفاعی اداروں کو دلی مبارکباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک بحریہ کی جانب سے تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ اور دفاعی اداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس کامیاب تجربے کو قومی دفاع میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو نئی جہت دی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نیوی نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی قابلیت اور اعلی عسکری صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔سید مراد علی شاہ نے اس کامیابی میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاعی صنعت میں مصروف عمل ماہرین کی محنت اور لگن نے ایک قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی خود انحصاری کی علامت ہے بلکہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا بھی باعث بنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کو مزید مثر اور ناقابلِ تسخیر بنائے گا۔ یہ نظام دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بروقت اور مثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، بالخصوص پاک بحریہ، ملک کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دفاعی تیاری مکمل اور مضبوط ہے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور پاک بحریہ کی یہ کامیابی پاکستان کے دفاعی استحکام اور قومی سلامتی کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں