مراد علی شاہ 11

وزیراعلیٰ سندھ کا مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر خراجِ عقیدت، قومی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور سماجی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ان کی جدوجہد، قربانیوں اور اصولی کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریکِ پاکستان اور قوم کی تعمیر میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے خواتین کو قومی ترقی، سیاسی شعور اور سماجی خدمت کی نئی سمت دی۔ ان کی زندگی عزم، دیانت، خدمت اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے، جبکہ ان کی شخصیت پاکستان کی قومی اور سیاسی تاریخ میں باوقار، بااصول اور قابلِ احترام مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا اتحاد، خدمت اور قومی یکجہتی کا پیغام آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے افکار نئی نسل کو ملک و قوم کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور قومی ترقی کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ مادرِ ملت کا وڑن اور فکر آج بھی ایک جمہوری، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ سندھ محترمہ فاطمہ جناح کے قومی نظریات، جمہوری روایات اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قوم مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی عظیم خدمات، قربانیوں اور لازوال کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی روشن میراث آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں