طارق فضل چودھری 15

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وادی تیراہ آپریشن سے متعلق بیان حقائق کے برعکس ہے، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وادی تیراہ آپریشن سے متعلق بیان حقائق کے برعکس، سیاسی مفاد پر مبنی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

بدھ کو ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی رنگ دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ریاستی مفادات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ میں جاری اقدامات کسی فرد، جماعت یا حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے امن، عوام کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ناگزیر ہیں،یہ کہنا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کسی حکومت کو بدنام کرنے یا ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے، ایک خطرناک سیاسی بیانیہ ہے جو دہشتگرد عناصر کو تقویت دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان کے قیام میں ناکامی دکھائی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غیر سنجیدہ رویہ اپنایا۔ اگر صوبائی حکومت نے بروقت مؤثر اقدامات کیے ہوتے تو آج وفاق کو سخت فیصلے نہ کرنے پڑتے،یہ جھوٹ اور پراپیگنڈا ہے کہ فیصلے بند کمروں میں کیے گئے۔ سکیورٹی سے متعلق فیصلے ریاستی ادارے زمینی حقائق، انٹیلی جنس رپورٹس اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں نہ کہ سیاسی بیانات کی بنیاد پر۔

انہوںنے کہاکہ نقل مکانی کے معاملے پر وزیراعلیٰ کا بیانیہ بھی گمراہ کن ہے، ریاست نے متاثرین کے لیے بحالی، امداد اور سہولتوں کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہے، عوام کی مشکلات کو سیاست کا ایندھن بنانا انتہائی افسوسناک ہے،دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کوئی انتخابی مہم نہیں بلکہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ ریاستی اداروں پر الزام تراشی کے بجائے عوام کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو تقسیم کرنے، اداروں کو بدنام کرنے اور ریاستی فیصلوں کو متنازع بنانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، امن، سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں