لیاقت بلوچ 15

وزیراعظم بلاتاخیر لیوی پر مذاکرات کریں ، تاخیر ہوئی تو لانگ مارچ کا آغاز ہو گا’لیاقت بلوچ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، وزیراعظم اپنے وعدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بات چیت کا آغاز کریں ، معاملات کو لٹکانے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے سپر لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔

منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ان سے ٹیلی فون رابطہ کیا ہے اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے مشاورت اور باقاعدہ دعوت دینے کے لیے منصورہ آنے کا کہا ہے، پی ٹی آئی کی پیشکش سے متعلق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کردیا جائے گا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور قائم مقام امیر لاہور خالد بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ لیوی کے خلاف جاری مہم کے سلسلہ میں امیر جماعت اسلامی آج حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، اس کے بعد اوکاڑہ، چارسدہ ، بونیر میں جلسے ہوں گے۔ سپرلانگ مارچ کے لیے چاروں صوبوں میں تیاریاں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، لانگ مارچ کاملتان سے آغاز ہونے کے بعد اسلام آباد تک جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے ، اسی طرح کے پی سے اسلام آباد روٹ پر تمام شہروں ، قصبات میں لانگ مارچ کا استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا جماعت اسلامی پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ، جماعت اسلامی نے عوام کے حق کے لیے ہمیشہ پرامن احتجاجی تحریکیں چلائی ہیں۔ نائب امیر نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حق کی حمایت کی اور کہا ملک کا آئین ہر فرد اور سیاسی جماعت کو اس کی اجازت دیتا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں کرپشن ، لوٹ مار کا بازار گرم ہے ، اسٹیبلشمنٹ نے تمام اداروں پر کنٹرول حاصل کررکھا ہے، ہائبرڈ نظام چل ہے ، سیاسی پارٹیوں پر افراد اور خاندانوں کی اجارہ داری سے پارلیمانی جمہوریت کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل ہوگئے .

تاہم صوبوں نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اور بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت ختم ہوئے عرصہ گزر گیا ہے تاہم حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نئی تقرری کے لیے کوئی اقدامات نہیں لیے جارہے۔ معاشی نظام عدم استحکام کا شکار ہے، بدامنی اور دہشت گردی کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے، اس صورتحال میں ضروری ہے کہ قومی قیادت قومی ترجیحات کا تعین کرکے قومی ڈائیلاگ کا آغاز کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں