لاہور (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائیکورٹ کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 27-2026 میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے نو منتخب صدر عباد الحق، سینئر نائب صدر یوسف شاہ، نائب صدر منیر احمد باجوہ، سیکرٹری شکیل سعید، نائب صدر برائے ڈسٹرکٹ کورٹس نعیم ملک، فنانس سیکرٹری جمال الدین جمالی، انفارمیشن سیکرٹری عفان ریاض اور ہیڈ آف ڈیجیٹل میڈیا اجلال حیدر زیدی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کورٹ رپورٹرز کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالتی کارروائی کو حقائق کے مطابق عوام تک پہنچانا ایک انتہائی ذمہ دارانہ فریضہ ہے، جسے کورٹ رپورٹرز بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ رپورٹنگ صحافت کے دیگر شعبوں کی نسبت ایک مشکل اور حساس ڈیوٹی ہے، جس میں قانونی پیچیدگیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے درست معلومات کی فراہمی ضروری ہوتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ گرمی، سردی اور ہر طرح کے کٹھن حالات میں فیلڈ میں موجود رہ کر کورٹ رپورٹنگ کرنے والے صحافی حقیقت میں شاباش کے مستحق ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب باڈی صحافتی اخلاقیات کی پاسداری کرتے ہوئے صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور عدالتی رپورٹنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ آخر میں انہوں نے نو منتخب عہدیداروں کی کامیابی کے لیے دعا کی اور محکمہ اطلاعات کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔









