ہمایوںاختر خان 10

واقعہ کربلا درحقیقت حق کی فتح، ظالم کیخلاف ڈٹ جانے ،ایثار و قربانی کا استعارہ ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن کربلا کے میدان میں حق و باطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول ۖحضرت امام حسین علیہ السلام نے عظیم قربانی پیش کی،اللہ کے نبی ۖ کے خاندان کی عظیم قربانی نے انسانی شعور کے ارتقا ء اور حق، انصاف اور آزادی کی انسانی جدوجہد کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عاشورہ محرم کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حسینیت تا ابد زندہ اور پائندہ ہے،یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو امام حسین علیہ السلام کے اصولی موقف، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے۔ شہادت امام حسین علیہ السلام درحقیقت حق کی فتح، ظالم کے خلاف ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے جبکہ محرم الحرام سخت آزمائشوں کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آئیں ہم اسلام کے بنیادی اصولوں ہمدردی، رواداری، مشاورت اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت اور کردار امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی قربانی ہمیں ہر دور میں حق کا ساتھ دینے کا درس دیتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں