اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اطلاعات خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ بالاکوٹ اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں 2005 کے تباہ کن زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے اُبھرنے والی استقامت اور حوصلے کی داستان آج بھی قوم کے جذبے کو تازہ رکھے ہوئے ہے ، زلزلے کی اس ہولناک تباہی نے اگر ایک طرف آنسو اور دکھ چھوڑے، تو دوسری طرف ایک ایسی قوم کو جنم دیا جو مشکلات کے سامنے کبھی نہیں جھکتی۔
قومی یوم استقامت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بیس سال قبل آج کے دن زمین لرزی تھی، مگر ہمارے حوصلے قائم رہے تھے۔2005 کے زلزلے نے بالاکوٹ سمیت خیبرپختونخوا کے پہاڑوں اور وادیوں کو ہلا کر رکھ دیا، مگر اُس لمحے پاکستانی قوم نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ اُس وقت بھی ہم گرے نہیں، سنبھل گئے ، بکھرے نہیں، بلکہ ایک قوم بن کر اُبھرے۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہم اُس قیامت خیز دن کی بیسویں برسی منا رہے ہیں، تو ہمیں اُن شہدا ، اُن یتیم بچوں، اُن بہادر رضاکاروں اور اُن ہاتھوں کو سلام پیش کرنا ہے جنہوں نے ملبے میں اُمید تلاش کی۔اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ استقامت اور غیرت کا پیکر ہیں، جنہوں نے زخموں کو مرہم بنایا، ملبے سے گھر بسائے، اور دکھوں کے بیچ اُمید کے چراغ جلائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکھا ہے کہ اگر نیت خالص ہو اور قیادت بیدار ہو قدرتی آفات قوموں کو کمزور نہیں کرتیں بلکہ اُنہیں مضبوط بناتی ہیں ۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ آج بھی جب سیلاب، زلزلے یا دیگر آزمائشیں آتی ہیں تو پاکستانی قوم ایک بار پھر اُسی جذبے سے اُٹھ کھڑی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہماری ماں ہے ، اس کی مٹی میں ہمیں جینے، لڑنے اور جیتنے کا حوصلہ ملا ہے۔
اختیار ولی خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو یہ سبق دینا ہے کہ استقامت، اتحاد اور ایمان وہ ستون ہیں جن پر پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو ہر آفت سے محفوظ رکھے اور ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانے کی توفیق دے جو ہر آزمائش کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط کھڑا ہو۔









