کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسکاوٹس نوجوانوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بوائز اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد کی قیادت صوبائی کمشنر سندھ بوائز اسکاوٹس جسٹس (ر) حسن فیروز کررہے تھے ۔ ملاقات میں اسکاوٹس کے جیمبوری کے انعقاد اور دیگر سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگوہوئی ۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اسکاوٹس نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ گورنر ہاؤس اسکاوٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ صدیق میمن نے کہا کہ سندھ بوائز اسکاوٹس کے چیف کمشنر کی حیثیت سے گورنر سندھ کے حلف برداری کی تقریب جلد منعقد کی جائے گی ۔
جسٹس ( ر) حسن فیروز نے کہا کہ سندھ بوائز اسکاوٹس ایسوسی ایشن کا قیام 1926 میں ہوا۔رواں سال 100 سالہ جشن منایا جا رہا ہے۔ وفد نے 100 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے گورنر سندھ کو اسکارف اور بیج پہنایا۔ سابق چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے سندھ بوائز اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کو شیلڈ پیش کی۔ سندھ بوائز اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی سیکریٹری اختر میر نے گورنر سندھ کو ایسوسی ایشن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔









