تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا نے بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایرانی عوام کو بھوکا رکھنے کی دھمکیاں دے کر جنگی جرائم کے ارتکاب کا کھل کر اعتراف کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اسماعیل بقائی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا بیان ایرانی عوام کو بھوک سے دوچار کرنے کی کھلی دھمکی قرار دیا، روبیو نے کہا تھا ایرانیوں کو کھانا تو کھانا ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کئی دہائیوں سے پابندیوں، دھمکیوں، دہشت گردی اور فوجی جارحیت کے ذریعے ایران کو دباؤ میں لانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، نئی پابندیاں بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہیں۔
اسماعیل بقائی نے امریکی حکمت عملی کو تاریخی غلطیوں کی تکرار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ماضی کی ناکامیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنی پالیسیوں کو نئے ناموں سے دہرا رہا ہے۔








