ملتان(رپورٹنگ آن لائن) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل واضح ہے، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر عام آدمی کے مسائل کا حل اور عوام کی موثر داد رسی ممکن نہیں، جب تک نئے صوبے قائم نہیں ہوں گے عام شہریوں کو مطلوبہ ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام اگر ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا اور نئے صوبوں کے قیام سے کسی کو اپنی حکمرانی یا بادشاہت کے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے، بادشاہت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے، کسی انسان کی نہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھرپور طریقے سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تعمیر اورتزئین و آرائش جاری ہے جبکہ لودھراں ملتان ایکسپریس وے اور اینـ5 کے درمیان گرین بیلٹ اور جدید لائٹنگ کی تنصیب کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مظفرگڑھ، میانوالی روڈ کی تعمیر پر بھی کام کیا جا رہا ہے جبکہ لیہ تونسہ پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر بھی جاری ہے جو گزشتہ 10 برسوں سے زیر التواء تھی ، اب ان منصوبوں پر دیرپا اور معیاری کام یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لودھراں ایکسپریس وے کا دورہ کیا اوراین 5پر اس شاہراہ کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی وزیر مواصلات کو منصوبے پر پیش رفت، تعمیراتی سرگرمیوں اور مختلف حصوں میں جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ ایکسپریس وے کی بحالی کا کام تیزی سے مکمل کرکے دونوں اطراف معمول کی ٹریفک بحال کی جائے جبکہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں ماضی کی تعمیراتی خامیوں کو بھی دور کیا جائے اور سڑک کی بحالی کے بعد دونوں اطراف یکساں لائننگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر مواصلات کہا کہ ملتان سے لودھراں تک 51 کلومیٹر طویل یہ اہم شاہراہ گزشتہ دس برس سے زیر التوا تھی، جسے اب جلد سے جلد مکمل کیاجائے گا۔ منصوبے کے تحت 22 اور 29 کلومیٹر طویل دو مختلف سیکشنز پر کام جاری ہے جبکہ ایکسپریس وے کی بحالی پر مجموعی طور پر 2 ارب 190 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے،
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں منصوبے کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی معیار میں خامیاں رہ گئی تھیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی شاہراہوں کی بہتری اور عوام کو محفوظ و معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے این ایچ اے اپنے وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔دریں اثناء صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ملتان کے مقامی ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ایاز خان نیازی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے ایاز خان نیازی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ٹریفک حادثے کا سن کر دلی دکھ اور افسوس ہوا، میری نیک تمنائیں اور دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایاز خان نیازی جلد صحت یاب ہو کر معمول کی زندگی اور سیاسی سرگرمیوں میں واپس آئیں گے۔ اس موقع پر ایاز خان نیازی نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی ہسپتال آمد، عیادت اور نیک تمنائوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حادثے کے بعد موٹروے پولیس نے شاندار فرض شناسی اور فوری ریسپانس کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ موٹروے پولیس کے کردار کو سراہتے ہیں۔








