کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میہڑ میں فرسٹ ایئر کی طالبہ شبانہ چانڈیو کے ساتھ ہراسگی کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی دلخراش، قابلِ افسوس اور ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ طالبہ کے والد کی فریاد دل دہلا دینے والی ہے اور بیٹی کو بار بار اغوا کیا جانا ریاستی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میہڑ میں پیش آنے والا یہ واقعہ سندھ میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت کی بدترین مثال ہے، جہاں قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی اور جنگل کا قانون رائج ہو چکا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں کہیں بیٹیاں خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، کہیں کاروکاری کے نام پر قتل کیا جا رہا ہے اور کہیں اغوا جیسے سنگین جرائم ہو رہے ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت نے سندھ کو ظلم، ناانصافی اور عدم تحفظ کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بیٹیاں انصاف کے لیے نکلتی ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے اور انہیں گرفتار کیا جاتا ہے، جو کھلی آمریت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج ہونا خوش آئند ہے، تاہم صرف گرفتاری کافی نہیں بلکہ مرکزی ملزم فرید کھوسو کو نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بااثر وڈیرے دبا ڈال کر ملزمان کو رہا کرواتے ہیں تو یہ ظلم مزید بڑھے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ سندھ کی بیٹیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ مظلوم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ظلم و جبر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔









