کراچی (رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی چائنا کریک میں مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک اینڈ لرننگ سینٹر قائم کرے گی، جو ماحولیاتی پائیداری، ایکو ٹورازم کے فروغ اور کراچی کے لیے ایک سرسبز و پائیدار مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا،
یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار عوامی مقامات کے قیام کے حوالے سے کے ایم سی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، یہ بات انہوں نے مینگرووز اینڈ بایوڈائیورسٹی پارک کے دورے کے دوران کہی، اس موقع پر مشیر مالیات بلدیہ عظمیٰ کراچی گلزار ابڑو سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور تیزی سے شہری ترقی اور انفراسٹرکچر کی توسیع کے مراحل سے گزر رہا ہے، تاہم ماحولیاتی پائیداری کو ہماری ترقیاتی ترجیحات کا بنیادی حصہ رہنا چاہیے،
یہ منصوبہ کراچی کے قدرتی ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تعلیم، تفریح، سیاحت اور عوامی شمولیت کے نئے مواقع فراہم کرے گا، میئر کراچی نے کہا کہ مینگرووز جنگلات ساحلی کٹاؤ، سمندر کی سطح میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کے خلاف قدرتی دفاعی حصار کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ آبی حیات کے لیے اہم مسکن فراہم کرتے ہیں اور کاربن جذب کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، جس کے باعث یہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مؤثر ترین قدرتی حلوں میں شمار ہوتے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک کی تعمیر محض ایک ماحولیاتی منصوبہ نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل میں ایک طویل المدتی سرمایہ کاری ہے،
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی پاکستان کی ان اولین ضلعی حکومتوں میں شامل ہے جو جامع گرین ایجنڈے پر عملی طور پر کام کر رہی ہیں، انہوں نے قابلِ تجدید توانائی، شہری جنگلات، پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور ایکو ٹورازم سے متعلق جاری اور مجوزہ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات کراچی کو ایک ماحول دوست شہر بنانے کی سمت اہم پیش رفت ہیں، انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک ماحولیاتی مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا جبکہ بے ہنگم شہری توسیع نے کراچی کے قدرتی ماحولیاتی نظام پر شدید دباؤ ڈالا۔ ایک مقامی حکومت کے طور پر ہماری ذمہ داری صرف بلدیاتی خدمات کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ شہر کے ماحولیاتی مستقبل کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
بایو ڈائیورسٹی پارک جیسے منصوبوں کے ذریعے ہم ایک سرسبز، صحت مند اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے کراچی کی بنیاد رکھ رہے ہیں،مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک اینڈ لرننگ سینٹر شہریوں، طلبہ، محققین، ماہرین ماحولیات اور سیاحوں کے لیے ایک منفرد مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا۔ منصوبے کے تحت مینگرووز کے تحفظ کے لیے مخصوص زونز، بایو ڈائیورسٹی ٹریلز، تعلیمی سہولیات، آگاہی پروگرامز اور ایکو ٹورازم کی مختلف سرگرمیوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ عوام کو قدرتی ماحول سے جوڑا جا سکے اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔میئر کراچی نے مزید بتایا کہ منصوبہ عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور رواں سال نومبر تک اس کی تکمیل متوقع ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد توقع ہے کہ یہ کراچی کے اہم ترین ماحولیاتی اور تعلیمی مراکز میں شامل ہو جائے گا۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے معروف ماہر ماحولیات طارق الیگزینڈر قیصر کی رہنمائی، مہارت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات نے اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔









