ضیا الحسن لنجار 15

میر رضا کیس، والدین کو نئی پولیس تحقیقاتی ٹیم پر اعتماد، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ فی الحال مؤخرکردیا، وزیر داخلہ سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں شفاف تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو مکمل اطمینان دلانے کے لیے عدالتی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم نئی پولیس تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے بعد مقتول کے والدین نے اس ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسی کے ذریعے تحقیقات جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جس کے باعث فی الحال جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

ایک بیان میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ میئر کراچی اور رہنما پاکستان پیپلزپارٹی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میر رضا کی والدہ سے بات کی ہے اور خاندان کے مؤقف سے آگاہی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بنیادی ترجیح میر رضا کیس میں شفافیت کو یقینی بنانا اور متاثرہ خاندان کو مکمل اطمینان فراہم کرنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت عدالتی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ضیا الحسن لنجار کے مطابق نئی پولیس تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیے جانے کے بعد میر رضا کے اہلخانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں نئی ٹیم پر اعتماد ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہی ٹیم کیس کی تحقیقات کرے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ والدین کی درخواست اور مؤقف کا احترام کرتے ہوئے فی الحال جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ میر رضا کیس کی تحقیقات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے اور متاثرہ خاندان کے اطمینان کو بھی مقدم رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں