میاں افتخار حسین 34

میاں افتخار حسین کا باجوڑ کواڈ کاپٹر حملے میں دو سکول بچوں کی شہادت پر پر اظہار افسوس

پبی(رپورٹنگ آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے باجوڑ میں کواڈ کاپٹر حملے کے نتیجے میں دو معصوم سکول بچوں کی شہادت پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کب تک ہمارے بچے غلط فیصلوں ،وقتی پالیسیوں کی قیمت ادا کرتے رہیں گے، گولی جہاں سے بھی چلے، اس کا نشانہ ہمیشہ پختون ہی بنتا ہے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ اگر یہ ڈرون دہشتگردوں کا تھا تو پھر حکومتی رٹ کہاں ہے؟

اگر کواڈ کاپٹر سیکیورٹی اداروں کا تھا تو پھر معصوم بچوں کی شہادت کا جواز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی مسلسل خبردار کرتی رہی ہے کہ دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری اور ناقص پالیسیوں کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے ،آج صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی ہمارے مؤقف کی تصدیق کررہی ہے۔

ضم اضلاع پہلے ہی محرومیوں اور مسائل کا شکار ہیں، ایسے افسوسناک واقعات وہاں کے عوام کے احساس محرومی میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام صورتحال میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ہر واقعے کے بعد محض رسمی مذمت کردی جاتی ہے مگر عملی اقدامات کہیں دکھائی نہیں دیتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں