لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقے سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، پانچ کلو آٹے کا تھیلا900 روپے، دس کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، مگر حکومت اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مافیاز نے عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے اور حکمرانوں کو غریب آدمی کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ پنجاب سمیت پورے ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ عوام کی آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ ایک طرف بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب آٹے جیسی بنیادی ضرورت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے پورے لاولشکر کے ہمراہ آذربائیجان کے دورے پر ہیں جبکہ صوبے کے عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین معاشی بحران کا شکار ہیں۔ حکمران طبقہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے بیرونی دوروں اور نمائشی اقدامات میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام پر سرمایہ داروں اور مافیاز کا مکمل قبضہ ہو چکا ہے، جنہوں نے پورے معاشی ڈھانچے کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں مگر انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر آٹے اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کرے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور مہنگائی، کرپشن اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔









