سلیم حیدر خان 74

موجودہ مہنگائی کا بحران عارضی ہے ،جلد قابو پالیں گے’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کا بحران عارضی ہے ،جلد قابو پالیں گے،غیرملکی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینا خوش آئند ہے، پوری دنیا میں پاکستان کا سر اس وقت فخرسے بلند ہے،بلاول بھٹو زرداری پورے پاکستان کے نوجوان لیڈر ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دورہ کراچی کے دوران کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاروباری افراد کو سازگار ماحول مہیا کر کے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔

کاروباری طبقے کے مضبوط ہونے ملکی معیشت مضبوط ہوگی اور پاکستان ترقی کرے گا۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔یہ پاکستان کے لئے اچھا وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کر کے پاکستان معاشی قوت بن سکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں ، کوشش ہے کہ ملک میں بہتری لا سکیں۔پیپلز پارٹی نے کراچی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے جال بچھادیئے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کا سر اس وقت فخرسے بلند ہے۔وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ صلاحیتوں کی بدولت گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈمارشل کی صلاحیتوں کے چرچے کرتے پھر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ اور ایران کی جنگ کے دوران عارضی مہنگائی کا بحران ہے جس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا ہ پاکستان کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران عظیم صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔گورنر پنجاب نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔اُنہوں نے کہا کہ عبد اللہ شاہ غازی سمیت تمام علمائے کرام نے دینِ اسلام کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا۔بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سابق گورنرسندھ کامران ٹیسوری کی رہائشگاہ پر بھی گئے جہاں اُنہوں نے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں