لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہی اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع کردی، پیر کے روز لاہور کی بینک عدالت میں مسلم لیگ (ق)کے رہنما مونس الہی کے خلاف 24ارب کی منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی ، لیگی رہنما سمیت شریک ملزمان محمد خان بھٹی اور واجد احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے،
بینکنگ کورٹ لاہور میں مونس الہی اور دیگر ملزمان ضمانت میں توسیع کے لیے پیش ہوئے، دوران سماعت ایف آئی اے نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزم کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور کیس کا 47فیصد ریکارڈ آچکا ہے، ہم واﺅچرزدیکھ رہے ہیں، تفتیش مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ایف آئی اے کے بیان پر عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے، ملزمان کے وکیل تیاری کرکےآئیں۔بعد ازاں عدالت نے مونس الہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع کردی