کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری جاری رکھنے یا بند کرنے سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی نیب انکوائری سے متعلق درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا نیب نے عدالت میں کہا تھا انکوائری بند کی جارہی ہے، اس سے متعلق رپورٹ کیوں جمع نہیں کروائی؟ ۔
نیب پراسیکوٹرنے عدالت کو بتایا کہ انکوائری نیب سکھر منتقل کی جاری ہے۔ رپورٹ بھی سکھر میں جمع کرادیں گے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو انکوائری سے متعلق رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کرنی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر انکوائری جاری رکھنے یا بند کرنے سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی ۔سندھ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا۔









