اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور تشخص کو پامال کرنے والے آج ملک اور جمہوریت کا جھوٹا رونا رو رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھوک و افلاس کا جاپ جپنے والوں کے دور میں گلوبل ہنگر انڈیکس میں پاکستان 106 پر تھا، کورونا کے باوجود 2021 میں پاکستان 92 نمبر پر ہے۔ ڈاکٹر شہبازگل کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اور تشخص کو پامال کرنے والے آج ملک اور جمہوریت کا جھوٹا رونا رو رہے ہیں، اپوزیشن کا رونا دھونا، دھرنے اور ریلیاں کرپشن بچا ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہیں، عوام نے 2018 میں نااہل لیگی ظلم سے نجات حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نااہلوں سے نجات کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں تاریخی جدوجہد کی، ماضی میں باریاں لگا کر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، عوام جان چکی ہے کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا عوامی نہیں زاتی ہے، عالمی مہنگائی کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔