ڈینگی 15

ملک کے جنوبی علاقوں میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان: ماہرین کا انتباہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے جنوبی شہری علاقوں، خصوصاً سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض حصوں میں گرم اور مرطوب موسم کے باعث ڈینگی کے خطرات بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ درجہ حرارت، بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اور شہری علاقوں میں ناقص نکاسی آب موذی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں جس سے ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو گھروں، دفاتر اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر مار سپرے اور لوشن کا استعمال کریں، مکمل آستین والے کپڑے پہنیں اور بخار، جسم درد، سر درد یا آنکھوں کے پیچھے درد جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ماہرین نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بروقت سرویلنس، فوگنگ، لاروا تلف کرنے کی مہم اور عوامی آگاہی میں اضافہ کیا جائے تاکہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔

دوسری جانب عالمی اور علاقائی تحقیق بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور شہری ماحول ڈینگی کے پھیلاؤ کے خطرات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں