محمد جاوید قصوری 15

ملک میں مہنگائی کی شرح ساڑھے چودہ فیصد تک پہنچنا تشویشناک ہے’ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اور حکومت کو آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

ادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق مئی 2026ء میں افراطِ زر کی سالانہ شرح بڑھ کر 11.66 فیصد ہو گئی ہے، جو گزشتہ تقریباً دو سال کی بلند ترین سطح ہے جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 14.47 فیصد تک پہنچ جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ شماریات کی تازہ رپورٹ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجٹ سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔ گندم، آٹا، آلو، بیکری مصنوعات، مٹھائیاں، گوشت، دودھ اور دودھ سے بنی اشیائ، آئس کریم، کوکنگ آئل اور ویجیٹیبل گھی سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

لاکھوں خاندان پہلے ہی محدود آمدنی اور بے روزگاری کے باعث شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صرف اعداد و شمار کی بنیاد پر تسلی دینے کے بجائے عملی اقدامات کرے۔ مہنگائی پر قابو پانے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے واضح اور قا بل عمل حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور کم از کم اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ حکمران طبقہ اپنی شاہانہ اخراجات اور غیر ضروری مراعات میں کمی کرے اور قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوامی مشکلات کے ازالے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر ملک گیر احتجاجی تحریک چلا ئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی استحصال کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اور جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں