لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی تازہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی شرح 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 10.9 فیصد ہو جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے جبکہ ایک سال قبل یہی شرح محض 0.28 فیصد تھی،حکمرانوں نے عوام عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ، جماعت اسلامی نجات دہندہ ہے ، عوام بڑھ چڑھ کر ممبر سازی میںحصہ لیں ، اور جماعت اسلامی کی قوت بنیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر سازی مہم کے دوران مختلف جگہوں کا دورہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور رہائش کے اخراجات میں ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے، جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث مہنگائی کا طوفان تھمنے کے بجائے مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔محمد جاوید قصوری نے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر کرایوں میں 5 فیصد اضافے کے اعلان پر بھی سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ مہنگائی کے اس طوفان کو مزید بڑھا دے گا، جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک منتقل ہوں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل بوجھ ڈالنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکمران اشرافیہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے جبکہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔









