سید یوسف رضا گیلانی 23

ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کو پیش آنے والے ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کو پیش آنے والے ٹرین حادثے کے نتیجے میں متعدد مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب فرمائے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ٹرین حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے موثر اور جامع حکمتِ عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مثر بنانے اور ریلوے کے نظام میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں