تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر کے ایک انٹرویو پر طنزیہ ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو یہ معلوم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں موجود اسرائیلی سفیر امریکی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف بھی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران سے جاری کردہ سرکاری بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی سفیر کا یہ دعوی کہ مشرقِ وسطی سے امریکی فوجیوں کی مکمل واپسی ایران کی شکست کے بعد ہی ممکن ہوگی .
اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ اسرائیل امریکی خارجہ و عسکری پالیسی پر کس حد تک اثرانداز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کی سلامتی اور مستقبل کا فیصلہ بیرونی طاقتوں کے نمائندے نہیں بلکہ خطے کے عوام خود کریں گے۔ سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عباس عراقچی کے اس دوٹوک بیان نے واشنگٹن، تل ابیب کے گٹھ جوڑ کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔








