کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر بلدیات و ہائوسنگ ٹائون پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی قومی اتحاد، جرات اور دفاعی صلاحیتوں کی روشن علامت ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والی بہادر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہادری کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل پاک فوج نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ معرکہ حق دراصل ہماری قومی یکجہتی، اتحاد اور بنیان مرصوص جیسے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے، جہاں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی.
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق یہ دن دشمن کے لیے ایک واضح پیغام اور پاکستانی قوم کے لیے فخر کا استعارہ ہے، جبکہ مضبوط دفاع ہی ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔









