نہال ہاشمی 25

مضبوط عدالتی نظام اور قانون کی حکمرانی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ مضبوط عدالتی نظام اور قانون کی حکمرانی کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ بینچ اور بار کے تعلقات کو مزید بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کو فوری اور مو ثر دادرسی کی فراہمی میں وکلاکو مثبت، ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاو س میں پیپلز لائرز فورم کے صدر قاضی ایم بشیر کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں قانون، عدالتی اصلاحات اور نظامِ انصاف کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ حکومت اور وکلابرادری کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفد نے گورنر سندھ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اجرک، سندھی ٹوپی اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے ملک میں قانون کی بالادستی، شفافیت اور عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وکیل کا کردار مثالی، باوقار اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے، کیونکہ انصاف کی فراہمی میں وکلاکا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔وفد نے وکلابرادری کو درپیش مسائل، عدالتی سہولیات اور اصلاحات سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں گورنر سندھ نے سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو متعلقہ فورمز پر مو ثر انداز میں اٹھایا جائے گا اور وکلابرادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں