محمد جاوید قصوری 11

محرم الحرام کے تقدس اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمیں صبر، استقامت، حق پر ڈٹے رہنے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے، واقعہ کربلا رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانیاں حق و باطل کے درمیان واضح فرق کو اجاگر کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں واقعہ کربلا کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، مذہبی و سماجی قائدین اور عوام کو مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ محرم الحرام کے تقدس کو مقدم رکھتے ہوئے سکیورٹی اور انتظامی امور میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑے تاکہ عزاداری، مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے دوران شہریوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے مواد کی مؤثر نگرانی کی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

علمائے کرام اور ذاکرین بھی اپنی تقاریر میں اتحاد امت، رواداری اور اسلامی اخوت کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ معاشرے میں محبت، امن اور یکجہتی کی فضا قائم رہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ محرم الحرام کا اصل پیغام ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت کے لیے ہر قربانی پیش کرنے کا عزم ہے۔ آج کے حالات میں ہمیں حضرت امام حسین کی سیرت اور کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے دیانت، عدل، امانت اور خدمت خلق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق، قانون اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور ملک میں امن، استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں محرم الحرام کے حقیقی پیغام پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں