طاہر محمود اشرفی 11

محرم الحرام میں اتحاد و امن برقرار رکھنا قومی ذمہ داری ہے، طاہر اشرفی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران اتحادِ امت، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔

لاہور میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ بین المسالک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد ڈیکلریشن عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی امن کمیٹی، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور عوام کو چوکنا رہنا ہوگا تاکہ محرم الحرام پرامن ماحول میں گزرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کیا جائے۔

حافظ طاہر اشرفی نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل اور بھارت سوشل میڈیا کے ذریعے محرم میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں پر بھاری سرمایہ خرچ کر رہے ہیں، تاہم قوم کو ان سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس سے گریز کیا جائے، ان کے بقول قربانی سے لے کر محرم الحرام تک مختلف معاملات کو متنازع بنانے کی منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ “اپنا مسلک چھوڑو نہیں، دوسرے کو چھیڑو نہیں” کے اصول پر عمل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔، انہوں نے زور دیا کہ مساجد میں آنے والے ہر فرد کو بلا تفریق عبادت کا حق دیا جائے کیونکہ محرم الحرام اتحاد، برداشت اور اخوت کا درس دیتا ہے۔

فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں بچوں کو صاف پانی، دودھ اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام کے نام پر بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق حقیقی جہاد وہی ہے جس کی تعلیم نبی کریمؐ نے دی اور جس کی مثال اسلامی تاریخ کے عظیم معرکوں میں ملتی ہے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کو سننا چاہیے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو پہلے سے زیادہ توجہ حاصل ہو رہی ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مکاتب فکر مل کر محرم الحرام کو امن، اتحاد اور بھائی چارے کے ماحول میں منائیں گے اور کسی بھی شرپسند عنصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں