شیری رحمان 22

ماحولیاتی تبدیلیوں سے آنے والی آفات کا تسلسل بڑھ رہا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے شیری رحمان

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی آفات کا تسلسل بڑھ رہا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے ، ہمیں چاہیے کہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔

بدھ کو 8اکتوبر 2005کے ہولناک زلزلے کی 20ویں برسی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کو بیس سال گزر گئے اور متاثرین آج بھی ہماری یادوں میں زندہ ہیں، مشکل وقت میں ہم نے ثابت کیا کہ ہم مضبوط قوم ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی آفات کا تسلسل بڑھ رہا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ساڑھے چھ لاکھ لوگ متاثر ہوئے،مجموعی طور پر 3856ارب روپے کا نقصان ہوا،زرعی زمین اور گھر تباہ ہوئے، روزگار اور بنیادی سہولیات بھی متاثر ہوئیں، چاول کپاس اور گنے کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ۔ شیری رحمان نے کہا کہ مضبوط اور مزاحمتی انفراسٹرکچر بنانا ہماری حفاظت کی بنیاد ہے،ہمیں چاہیے کہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کے نظام کو مزید تیز اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، محفوظ عمارتیں اور انفراسٹرکچر بنانے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے کہ ہمارا ملک ہمیشہ محفوظ اور خوشحال رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں