اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ لوگوں کو کم لاگت پر اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، جمعرات کو وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ نے وزیرِ اعظم کو وزارت کی جانب سے کم لاگت رہائشی منصوبوں پر پیشرفت اور لوگوں کو اپنے گھر کے حصول کیلئے رعایتی قرضوں کی فراہمی کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو کم لاگت پر اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیرِ اعظم نے وزارت کے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔









