عدالت 14

لاہور ہائیکورٹ کا ٹرائل کورٹ کو انٹی کرپشن مقدمے کا تین ماہ میں فیصلہ کرنیکا حکم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو انٹی کرپشن کے مقدمے کا تین ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی انٹی کرپشن کو ہر سماعت پر گواہان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔چیف لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے انٹی کرپشن کے مقدمے میں ملوث ملزم محمد سمیع اللہ کی درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ڈی جی انٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کو ہدایت کی کہ مقدمے میں گواہان کی ہر پیشی پر حاضری یقینی بنائی جائے، چاہے چالان پیش ہوا ہو یا نہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ملزم محمد سمیع اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اخلاق سلہری نے ملزم کے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ملزم کے خلاف انٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

ملزم پر پاور آف اٹارنی میں ردوبدل کرکے اپنی دینی کے نام پر جائیداد حاصل کرنے کا الزام ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مقدمات کے چالان تاخیر سے پیش ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ہمارے ہاں ملزمان کے چالان دیر سے کیوں پیش ہوتے ہیں؟ ۔چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دئیے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملزم کو کیوں پکڑایا جاتا ہے۔اس موقع پر وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ بدقسمتی سے امیر اور غریب کے لیے تفتیش کے الگ الگ طریقے ہیں۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ قانون بے رحم ہے، جس نے بلا امتیاز سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنا ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ڈی جی انٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کو روسٹرم پر بلا لیا اور مقدمات میں گواہان کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیف جسٹس نے ڈی جی انٹی کرپشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹی کرپشن کے مقدمات میں تمام گواہان ہر تاریخ پر پیش ہوا کریں۔ عدالت نے واضح کیا کہ چالان پیش ہوا ہے یا نہیں، گواہان کو ہر سماعت پر پیش ہونا چاہیے۔عدالت نے ڈی جی انٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ وہ ٹرائل کورٹ میں مقدمے کی ہر تاریخ پر گواہان کی حاضری یقینی بنائیں تاکہ مقدمات کی کارروائی بلاوجہ تاخیر کا شکار نہ ہو۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم محمد سمیع اللہ کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں