لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پولٹری فارمز سے چار فیصد اضافی ٹیکس وصولی روک دی ،عدالت نے وفاقی حکومت ،ایف بی آر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے تنویر احمد سمیت دیگر پولٹری فارمز کی درخواستوں پر سماعت کی ۔
درخواست گزاروں کی جانب سے مسرور احمد خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے رجسٹریشن نہ کروانے والے پولٹری فارمز پر چار فیصد اضافی ٹیکس کا نفاذ کیا، سیلز ٹیکس کے سیکشن تین ، ون اے کے تحت رجسٹریشن لازمی نہیں ہے،
اگر فارمرز کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ بھی ہوتو ان پر چار فیصد اضافی سیلز ٹیکس نہیں لگایا جاسکتا ۔ درخواست گزار وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اضافی ٹیکس سے مرغی کا گوشت مہنگا اور ہولٹری فارمز صارفین متاثر ہوں گے ۔وکیل درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پولٹری فارمز سے چار فیصد اضافی ٹیکس کا نفاذ کالعدم قرار دے ۔ مزید استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک پولٹری فارمز پر چار فیصد سیلز کی وصولی روکی جائے۔