لاہور ہائی کورٹ 40

لاہور ہائیکورٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے درخواستوں پر سماعت کے لئے 3رکنی فل بنچ تشکیل دیا ہے، جسٹس صداقت علی خان کو فل بنچ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ جسٹس جواد حسن اور جسٹس سلطان تنویر فل بنچ کے ممبر ہوں گے۔دائر درخواست میں وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کو بذریعہ سیکرٹریز فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت بنا دی گئی ہے، سپریم کورٹ کی حیثیت کمزور ہونے اور عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

ہائیکورٹ میں درخواست میں کہا گیا کہ یہ ترامیم اسلامی دفعات، عدالتی خودمختاری اور بنیادی حقوق کے خلاف ہیں، صوبوں کی مشاورت کے بغیر ترمیم سے آئینی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے، اس معاملے پر وکلا، سول سوسائٹی، صحافیوں اور دیگر طبقات سے کوئی رائے نہیں لی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 27 آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک ترمیم پر عملدرآمد روکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں