اویس قادر شاہ 14

قائم مقام گورنر سندھ کا یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ بھارتی مظالم اور جبر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتے۔ یومِ سیاہ کشمیر عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں