لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے چلانے والوں پر قانون کے مطابق 3 لاکھ روپے سے لے کر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ صوبے میں ہر نجی تعلیمی ادارے کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے اور رجسٹریشن کے بغیر سکول یا اکیڈمی چلانا قانونا جرم ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنا نہیں بلکہ انہیں قانونی دائرہ کار میں لا کر طلبہ کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ تمام غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمی مالکان کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تمام نجی سکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن کے مطابق رجسٹریشن مہم کا مقصد صوبے بھر میں نجی تعلیمی اداروں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا، تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور حفاظتی تقاضوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔









