محمد جاوید قصوری 40

عید قرباں صرف خوشی اور مسرت کا تہوار نہیں بلکہ یہ عظیم قربانی، ایثار، اطاعت کا درس بھی دیتا ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے قوم کوعیدالاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید قرباں صرف خوشی اور مسرت کا تہوار نہیں بلکہ یہ عظیم قربانی، ایثار، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کا پیغام بھی دیتی ہے،سنتِ ابراہیمی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے ہر خواہش، مفاد اور قربانی کو سچ سمجھتے ہوئے اس کے راستے میں ثابت قدم رہا جائے، حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی لازوال قربانی پوری امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی ہمیں باہمی محبت، اخوت، بھائی چارے اور ضرورت مند طبقات کا احساس کرنے کا درس دیتی ہے۔ اس موقع پر صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد موجود غریب، نادار اور مستحق خاندانوں کو خوشیوں میں شریک کریں تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی خوشیاں عام ہو سکیں۔محمد جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جماعت اسلامی پاکستان اور الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کریں تاکہ یہ امانت حقیقی حق داروں تک پہنچائی جا سکے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور سیلاب زدگان، یتیموں، بیواؤں، مستحق خاندانوں، طلبہ اور مریضوں کی مدد کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

قربانی کی کھالوں سے حاصل ہونے والی آمدن کو شفاف انداز میں فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جاتا ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی بحران کے دور میں لاکھوں افراد غربت اور بے بسی کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں صاحبِ حیثیت افراد کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنی قربانی کے ساتھ ساتھ کھالیں بھی ایسے اداروں کے سپرد کریں جو دیانتداری اور امانت کے ساتھ خدمتِ خلق کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عیدالاضحیٰ جیسے اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی بھی عوام کے لیے مشکل ترین مرحلہ بنتی جا رہی ہے۔ قربانی کے جانوروں، چارے، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں جبکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے لوگ بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں