محمد جاوید قصوری 22

عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اشیائے خورونوش، سبزیوں، گوشت، مصالحہ جات اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ رہی سہی کسر ٹرانسپورٹرز نے زائد کرایوں کی صورت میں پوری کر دی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں من مانا اضافہ کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے، مگر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ حکومت اور ضلعی ادارے عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے صرف پرائیویٹ مافیا ہی نہیں بلکہ حکومتی سطح پر بھی عوام کے ساتھ معاشی ظلم جاری ہے۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 2725 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی، جو آئی ایم ایف کے دونوں قرض پروگراموں کی مجموعی رقم سے بھی زیادہ ہے۔ اپریل 2024 سے مارچ 2026 تک عوام سے پیٹرولیم لیوی کے نام پر بھاری ٹیکس وصول کیے گئے، جبکہ آئی ایم ایف کے جاری قرض پروگراموں کی مجموعی رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2340 ارب روپے بنتی ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت نے کس بے دردی کے ساتھ مہنگائی کا بوجھ غریب عوام پر منتقل کیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرولیم لیوی، بجلی کے بھاری بل، ظالمانہ ٹیکسز اور مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مزدور، کسان، سرکاری ملازمین اور دیہاڑی دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ عید جیسے خوشیوں کے موقع پر بھی لوگ اپنے بچوں کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے لاتعلق ہو چکا ہے اور شاہانہ اخراجات میں مصروف ہے، جبکہ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی اور دیگر ظالمانہ ٹیکسوں میں کمی کرے، ٹرانسپورٹ کرایوں کو کنٹرول کیا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر عوامی ردعمل کو روکنا ممکن نہیں رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں