لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ علاقے کے عوام کو تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے،اٹک کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے،پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت پر مبنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں ضلع اٹک کی دو یونین کونسلز براھاما بہاتر اور ملال میں نادرا سینٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نادرا سمیت کثیر تعداد میں اٹک کے عوام اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ چیئرمین نادرا کا شکریہ اداکرتا ہوں کہ انہوں نے میرے کہنے پر عوام کی سہولت کے لئے چارنادرا سینٹرز کی منظوری دی۔اب یونین کونسل ملال اور براھامابہاتر کے لوگوں کو شناختی کارڈ بنوانے کے لیے فتح جنگ نہیں جاناپڑے گا۔آج میں نے علاقے کی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے دو یونین کونسلز میں نادرا کی فیسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیا۔گورنر پنجاب نے کہاکہ آنے والے دنوں میں اٹک کی تمام تحصیلوں میں نادرا آفس کی سہولیات میسر ہوں گی۔نادرا آفس کے قیام سے غریب آدمی کو سہولت ملے گی۔اٹک کے غریب عوام بہت سی محرومیوں کا شکار ہیں۔
علاقے کی عوام کے لیے بہت جلد یونیورسٹی آف اٹک کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ضلع اٹک کے نوجوان بچے اور بچیوں کو جدید تعلیم حاصل کرنے کے لیے اب دور درازکا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔سیاست اپنی جگہ مگر عوامی خدمت کے منصوبوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاست کی ہے۔آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے اور بلاول بھٹو عوامی مینڈیٹ سے ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔









