محمد جاوید قصوری 11

عوام کو ریلیف فراہم کر نے کے لئے سنجیدہ، دیرپا اقدامات کی ضرورت ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمدجاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں جاری معاشی بحران، بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور ناقص حکمرانی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ہر گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی زندگی انتہائی دشوار ہو گئی ہے۔ لاکھوں خاندان دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور علاج جیسی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ مزدور، کسان، سرکاری و نجی ملازمین اور چھوٹے کاروباری طبقے پر معاشی دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل کے بجائے دعووں اور اعلانات تک محدود ہیں۔ ناقص معاشی منصوبہ بندی، غیر ضروری اخراجات، بدانتظامی اور کرپشن نے قومی معیشت کو کمزور کیا ہے، جس کا براہ راست بوجھ عام شہری برداشت کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر نئے مالی فیصلے کے ساتھ عوام پر مزید ٹیکس عائد کر دیے جاتے ہیں، جبکہ حکمران طبقہ اپنی مراعات میں کمی لانے کے لیے تیار نہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری انتہائی تشویشناک ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کی تلاش میں مایوسی کا شکار ہیں، جبکہ صنعتوں کی بندش، کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور سرمایہ کاری کے فقدان نے معاشی حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اگر حکومت نے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاںکمی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے، شفاف احتساب، میرٹ کے فروغ، کفایت شعاری اور عوام دوست معاشی پالیسیوں کے بغیر ملک کو بحرانوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے سنجیدہ، دیرپا اور عملی فیصلوں کی اشد ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں