محمد جاوید قصوری 41

عوام ملک میں حقیقی تبدیلی، اسلامی فلاحی نظام اور کرپشن سے نجات کے لیے ہمارا ساتھ دیں ‘جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہو شہر اور کامونکی میں جماعت اسلامی کی جاری ممبر سازی مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات، تنظیمی اجلاسوں اور عوامی پروگرامز میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کارکنان، ذمہ داران اور عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں ممبر سازی مہم کے تحت پچاس لاکھ افراد کو جماعت کا ممبر بنانے کا ہدف لے کر میدان عمل میں موجود ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے نوجوان کارکنان کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا، تعلیمی اداروں، محلوں اور عوامی حلقوں میں بھرپور انداز میں جماعت اسلامی کے پیغام کو عام کریں اور لوگوں کو دیانتدار قیادت کے انتخاب کی طرف راغب کریں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی و دینی جماعت ہے جو موروثی سیاست، خاندانی اجارہ داری اور کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اصولوں، دیانتداری اور شفاف کردار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک جن سنگین مسائل، معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کا شکار ہے، اس کی بنیادی وجہ کرپٹ اور مفاد پرست قیادت ہے، جس نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کو مشکلات کے سمندر میں دھکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک ایسی قیادت درکار ہے جو امانت و دیانت کے اصولوں پر عمل کرے اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائے۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو ایسی ایماندار اور باصلاحیت قیادت فراہم کر سکتی ہے جو پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی، اسلامی فلاحی نظام اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم مخلص اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کرے تو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنا ناممکن نہیں۔تقریبات کے اختتام پر کارکنان نے ممبر سازی مہم کو مزید تیز کرنے اور زیادہ سے زیادہ افراد تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں