عطا اللہ تارڑ 14

عمران خان کا شفا ہسپتال میں تفصیلی معائنہ، صحت مند قرار، دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا،عطا تارڑ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو طبی معائنوں کے بعد ہسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لے جایا گیا۔عطا تارڑ نے بتایاکہ ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں، یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں صبح تقریباً پانچ بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور مستقبل میں بھی جب ضرورت پڑے گی، طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں