لندن (کشیدگی ) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔
بدھ کو صبح کے ابتدائی اوقات میں برینٹ خام تیل کی قیمت 89 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد اضافے کے بعد 106.58 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 80 سینٹ، یعنی 0.9 فیصد بڑھ کر 94.94 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ منگل کو کاروبار کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں ملے جلے رجحان کے بعد سامنے آیا، اس دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 0.4 فیصد بڑھ گئی تھی۔
تاجروں کی توجہ یمن کے حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی کے باعث تیل کی سپلائی کو لاحق خطرات اور روس سے ڈیزل کی ممکنہ اضافی دستیابی پر مرکوز ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتِ توانائی کے مطابق حوثی گروپ نے شہر ظہران میں سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی۔








