عائشہ 13

عائشہ وہاب امریکی کانگریس کی پہلی افغان نژاد خاتون رکن منتخب

کیلیفورنیا(رپورٹنگ آن لائن) امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ڈیموکریٹک امیدوار اور ریاستی سینیٹر عائشہ وہاب خصوصی انتخاب میں کامیابی حاصل کرکے امریکی کانگریس کی رکن منتخب ہوگئیں۔

عائشہ وہاب نے کیلیفورنیا کے ایسٹ بے ڈسٹرکٹ میں سابق رکن کانگریس ایرک سویل کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست کیلئے انتخاب لڑا اور حریف میلیسا ہرنانڈیز کو شکست دی، سویل نے اپریل میں جنسی بدسلوکی کے الزامات کے بعد استعفیٰ دیا تھا، تاہم انہوں نے الزامات کی تردید کی ہے۔

عائشہ وہاب کو ریاستی ڈیموکریٹک پارٹی، مزدور یونینز، مقامی حکام اور دیگر اہم حلقوں کی حمایت حاصل تھی، انتخاب میں 95 فیصد ووٹوں کی گنتی تک وہ اپنی حریف سے 6 فیصد سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل کرچکی تھیں۔

کامیابی کے بعد عائشہ وہاب نے کہا کہ وہ اس ضلع کیلئے جدوجہد کریں گی جس نے انہیں پروان چڑھایا، رضاعی نگہداشت سے کانگریس تک کا سفر امریکی خواب کی حقیقی مثال ہے۔خیال رہے کہ عائشہ وہاب کی کامیابی کے بعد امریکی کانگریس میں مسلم خواتین ارکان کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں